سونا اسمگلنگ معاملہ میں کلیدی ملزم سواپنا سریش کے قدآور سیاسی قائدین کے ساتھ روابط کی بات کہی جارہی ہے۔ وہیں دوسری جانب اپوزیشن قائدین وزیراعلیٰ پر استعفیٰ کےلیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور یو ڈی ایف کے کنوینر بیہانن نے میڈیا کو بتایا کہ سونا اسمگلننگ معاملہ میں نوجوان تاجر کرن کے رول کی بھی جانچ کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کلیدی ملزم سواپنا اور سندیپ نائب کے ساتھ کرن کے قریبی تعلقات ہونے کا دعویٰ کیا۔
انہوں نے کہا کہ کرن کا حکمراں محاذ کے سیاسی رہنماؤں میں کافی اثر و رسوخ ہے اور اس کے مکان پر قدآور رہنماؤں کا آنا جانا تھا۔ انہوں نے کرن کے گھر جانے والے شخصیات کی جانچ کرنے کا مطالبہ کیا۔
بی جے پی نے بھی سونا اسمگلنگ معاملہ میں کرن کے کردار پر سوال اٹھایا ہے جبکہ کرن نے ان پر لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کردیا۔ کرن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے سخت ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ ان پر جھوٹے الزامات عائد کئے جارہے ہیں تاہم اس تنازعہ میں ان کا کوئی رول نہیں ہے۔