سرینگر (جموں و کشمیر):یونین ٹیریٹری جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں بھارت پاکستان سرحد کے نزدیک جمعہ کے روز دو موٹر شیل بر آمد کیے گئے۔ حفاظتی اہلکاروں کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر دونوں شیلز کو ناکارہ بنا دیا۔ اس حوالہ سے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے جموں و کشمیر پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ’’جمعہ کی صبح جموں و کشمیر پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ بھارت پاکستان سرحد کے نزدی ہیرا نگار سیکٹر (کٹھوعہ) میں ایک کسان نے اپنے کھیت میں کام کے دوران دو شیل دیکھے جس کے بعد انہوں نے پولیس کو مطلع کیا۔‘‘
پولیس افسر کا مزید کہنا تھا کہ ’’اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور ایس او پیز کے تحت کارروائی شروع کر دی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اطلاع دینے والے کسان نے بتایا کہ کھیت میں کام کرنے کے دوران انہوں نے زمین کے اندر دھنسے کچھ دھاتی مواد کو دیکھ کر فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا۔ پولیس اہلکاروں نے ایس او پی کے مطابق بی ایس ایف کو اطلاع دی جن کی ماہر ٹیم نے دونوں شیل ناکارہ بنا دئے۔