جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے ہیرا نگر سیکٹر میں آج صبح ایک پاکستانی ڈرون ملا، دراصل جب صبح بی ایس ایف کے جوان پیٹرولنگ پر نکلے تو انہوں نے آسمان میں اڑتا ہوا ایک ڈرون دیکھا، جس کے بعد اس ڈرون پر 9 راونڈ فائر کیے گئے۔
فائرنگ کی وجہ سے ڈرون زمین پر گر گیا، اہلکاروں نے دیکھا کہ وہ ایک پاکستانی ڈرون تھا ۔
وہیں آئی جی بی ایس ایف، این ایس جموال نے ڈرون کے بارے میں کہا 'آج صبح کٹھوعہ میں بی ایس ایف کی پیٹرولنگ پارٹی گشت کر رہی تھی، اس دوران پاکستان آرمی کی پوسٹ ٹھاکر پورہ سے ایک ڈرون (ہیکسا کاپٹر) آتا ہوا دکھائی دیا'۔
انہوں نے کہا 'یہ ڈرون قریب 150 سے 200 فٹ کی اونچائی پر اڑ رہا تھا، اس دوران بی ایس ایف پارٹی نے ڈرون پر فائر کیا اور اسے مار گرایا'۔
انہوں نے مزید کہا ' اس ڈرون سے ایک ایم 4 رائفل، دو میگزین، 60 راؤنڈس، 7 ایم 67 گرینیڈ، 4 چینی بیٹریز برآمد کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ڈرون کا وزن قریب 17 کلو گرام ہے۔ اور اس کے ساتھ ساتھ یہ ڈرون 5 سے ساڑھے پانچ کلوگرام تک اسلحہ لے جارہا تھا'۔