کٹھوعہ: جموں وکشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں لکھن پور شاہراہ پر دو گاڑیوں کے درمیان ٹکر ہونے کے باعث گیارہ مسافر زخمی ہوئے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کے روز کٹھوعہ میں لکھن پور شاہراہ پر بس اور ٹرک کے درمیان ٹکر ہونے کے نتیجے میں گیارہ مسافر زخمی ہوئے۔ معلوم ہوا ہے کہ آ س پاس موجود لوگوں نے زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔
بتادیں کہ گزشتہ روز کشتواڑ میں ایک دلدوز سڑک حادثے میں 7 مزدور ہلاک جبکہ 3 دیگر زخمی ہوگئے یہ حادثہ داچھن علاقے میں ڈانگ ڈورو پاور پروجیکٹ کے نزدیک پیش آیا تھا۔ بتادیں کہ جموں کشمیر میں گزشتہ بارہ برسوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں بارہ ہزار سے زائد افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ ایک لاکھ سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جموں کشمیر ٹریفک پولیس کے ایک رپورٹ کے مطابق سنہ 2010 سے 2022 کے مابین 76,942 سڑک حادثات پیش آئے ہیں، ان حادثات میں 12,429 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 1,04,983 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ٹریفک پولیس کے مطابق ان 12 سالوں میں جموں کشمیر میں روزانہ 34 افراد ہلاک اور 291 زخمی ہوئے ہیں۔