کرناٹک کا ضلع یادگیر ایک پسماندہ علاقہ کہلاتا ہے جہاں پر تعلیم اور طبی سہولتیں نہ ہونے کے سبب یہاں کی عوام حیدرآباد، گلبرگہ اور سولہ پور کا رخ کرتی ہے۔
یادگیر کو ضلع کا درجہ ملے ہوئے دس سال کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن اس کے باوجود بھی یہ ضلع کئی مسائل سے دوچار ہے، یہاں تعلیم کے علاوہ طبی سہولیات کے فقدان کا بھی مسئلہ درپیش ہے۔
جس کی وجہ سے لوگوں کو اپنی صحت اور مختلف بیماریوں کا علاج کرانے دیگر ریاستوں اور اضلاع کا سفر کرنا پڑتا ہے اور اس میں مریضوں کو ہزاروں و لاکھوں روپے کا خرچ درکار ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے اس خطے سے باہر وہی لوگ جاکر اپنا علاج کراپاتے ہیں جو معاشی طور پر مستحکم ہوں۔
ضلع یادگیر کا پہلا ملٹی اسپیشیلیٹی اسپتال اس کے برعکس جن احباب کے پاس اتنی رقم نہیں ہوتی کہ وہ دیگر ریاستوں اور اضلاع جاکر اپنی بیماری سے متعلق اسپیشل ڈاکٹر کی خدمات حاصل کرسکیں وہ ضلع یادگیر میں ہی اپنی بیماری کے ساتھ زندگی گزارنے پر مجبور رہتے ہیں۔
ان حالات میں اگر کوئی ڈاکٹر شہر یادگیر میں ملٹی اسپیشیلیٹی اسپتال کا انعقاد کرتا ہے تو یہ ضلع کے لوگوں کے لیے انتہائی خوشی کی بات ہوتی ہے۔
ضلع میں اب ایک ایسی شخصیت نے ملٹی اسپیشیلیٹی اسپتال شروع کیا ہے جن کا مقصد ہے کہ وہ اپنے علاقے کو لوگوں دوسرے علاقوں میں جانے اور انھیں اپنے علاج پر ہزاروں روپئے خرچ کرنے سے بچا سکیں۔
ضلع کے نوجوان ڈاکٹر پی ابھیشیک ریڈی، ایم ایس ہیں اور ان کی اہلیہ پورنما بھی ایک ماہر نسواں ڈاکٹر ہیں۔
رواں ماہ کی 26 تاریخ یعنی جمعرات کے روز ان کے 'پلا ملٹی اسپیشیلیٹی اسپتال' کا افتتاح عمل میں آرہا ہے جو کورٹ کے روبرو بائی پاس ڈگری کالج جانے والی روڈ پر واقع ہے۔
ڈاکٹر ابھیشیک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس اسپتال میں مختلف بیماریوں کا علاج کیا جائے گا اور خاص کر لیزر مشین کے تحت بواسیر کا آپریشن کیا جائے گا اس مشین سے آپریشن کرنے کے بعد آدمی دوسرے ہی دن کا کام پر جا سکتا ہے اور اسے کوئی تکلیف بھی نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بواسیر کے علاج کے لیے لیزر مشین کی سہولت صرف حیدرآباد، سولہ پور، اور بنگلور جیسے شہروں میں ہی دستیاب تھی۔
اس کے علاوہ یادگیر کے اطراف و اکناف کے کئی اضلاع میں بھی اس طرح کی مشین نہیں تھی لیکن اب اس علاقے میں یہ منفرد اسپتال ہوگا جہاں پر اس طرح کی مشین سے علاج کیا جائے گا۔
ڈاکٹر ابھیشیک نے اپنے ہی وطن میں اسپتال قائم کرنے کے سوال پر کہا کہ 'اکثر ہم دیکھتے ہیں کہ کوئی بھی شخص اعلی تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہ دوسری ریاست یا پھر دوسرے ممالک کا رخ کرتے ہیں جس سے مقامی احباب ان کی صلاحیتوں سے محروم ہو جاتے ہیں اس لیے میں نے اور میری فیملی نے اپنے ضلع کے عوام کی خدمت کے لیے یہاں پر ایک نیا اسپتال شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے'۔
پلا ملٹی اسپیشیلیٹی اسپتال کی افتتاحی تقریب میں رکن اسمبلی یادگیر وینکٹ ریڈی، ڈاکٹر ویر بسونت ریڈی، ڈاکٹر ملک ریڈی، گرمٹکل سوامی جی، ناگن گوڈا رکن اسمبلی گرمٹکل، کے علاوہ دیگر احباب شرکت فرمائیں گے۔