بنگلور: کرناٹک انتخابات کے نتائج کے متعلق کہا گیا کہ ریاست میں نفرت کی شکست اور محبت کی جیت ہوئی ہے. اس ضمن میں کانگریس کو 135 سیٹوں کے ساتھ شاندار کامیابی ملی ہے جس سے عوام میں خوشی کی لہر ہے اور امید کی جارہی ہے کہ اگلے 5 سالوں تک حکومت مستحکم رہے گی۔ اس سلسلے میں جانے مانے سماجی کارکن حارث صدیقی کی سربراہی میں مسلم نوجوان دانشوروں و سماجی کارکنان کی میٹنگ منعقد کی گئی اور ریزولیوشنز منظور کئے گئے کہ اب برسر اقتدار کانگریس حکومت کے دور میں مسلمانوں کی ذمہ داریاں کیا ہوں؟
اس موقع پر حارث صدیقی نے کہا کہ بلا شبہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی شکست، انتخابات کے نتائج اور کانگریس کے اقتدار سمبھالنے سے مسلمانوں میں خاص کر خوشی ہے لیکن مسلمان اس وقت کو غنیمت جانیں اور اس کا بھر پور فائدہ اٹھانے کی کوششیں کریں. حارث صدیقی نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں میں ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے دور اقتدار میں عوام نے اور خاص طور پر مسلمانوں نے بڑی پریشانیاں برداشت کیں ہیں، صحیح معنوں میں کہا جائے تو مسلمانوں کو سبھی میدانوں میں 10 سال پیچھے دھکیل دیا گیا ہے۔