بیدر: مرکز میں برسر اقتدار پارٹی کے تحت کام کرنے والی فسطائی طاقتیں مذہب اسلام اور مسلمانوں پر آئے دن مختلف بہانوں سے حملہ کرنے اور انہیں آزمائش میں مبتلا کرنے میں مصروف عمل ہیں، وہ اس بات سے قطعی واقف نہیں ہیں کہ زمین پر امن وامان قائم ہے تو وہ مذہب اسلام سے ہے، اسلام سے نفرت امن اور انسانیت سے نفرت کے مترادف ہے، جب کہ ان طاقتوں نے اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑا، ملک میں عام انتخابات سے پہلے انسانوں میں نفرت پھیلانے کے منصوبے پر عمل کی تیاری میں ہے، یہ بات محمد فراست علی ایڈوکیٹ صدر کاروانِ ادب ومرکزی رحمت عالم کمیٹی ضلع بیدر نے کہی۔
انھوں نے مزید کہاکہ یکساں سیول کوڈ کے اعلان پر ملک کی مختلف ریاستوں کی اقلیتیں، قبائلی طبقات کی سخت مخالفت کے بعد کمیٹی کے چیئرمین نے ان طبقات کو استثناء دینے کی بات کی۔ وہیں ایسی تجاویز رکھی ہیں جو خلاف شریعت کی تعریف میں آتی ہیں۔ جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اصل نشانہ قانون شریعت اسلام ہے۔ اور ایسا کوئی قانون قابل قبول نہیں ہوسکتا جو دستور وشریعت سے ٹکراتا ہے۔