بنگلورو: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بنگلورو میں 'نا نائکی' ریلی میں خواتین لیڈروں اور پارٹی کارکنوں سے خطاب کیا۔ اس ریلی کی قیادت کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیوکمار نے کیا۔ کرناٹک کانگریس نے ہماچل پردیش میں پارٹی کی جیت کے بعد پرینکا وڈرا کو مدعو کیا تھا۔ پرینکا گاندھی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'اگر کرناٹک میں کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو حکومت کی طرف سے ہر گھر کی ایک خاتون کو ماہانہ 2000 روپے دیا جائے گا۔ پرینکا گاندھی بی جے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'میں ایک سوال پوچھنا چاہتی ہوں کہ کیا بی جے پی حکومت میں آپ کی زندگی میں بہتری آئی ہے؟ کیا آپ کی زندگی میں کچھ بدلا ہے؟ ووٹ دینے سے پہلے پچھلے چند سالوں پر ضرور نظر ڈالیں۔
پرینکا نے بدعنوانی کو لے کر بومئی حکومت پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا، 'مجھے بتایا گیا ہے کہ کرناٹک میں حالات بہت خراب ہیں، بدعنوانی سے ڈیڑھ لاکھ کروڑ کا نقصان ہوا ہے۔ پی ایس آئی گھوٹالے کا ذکر کرتے ہوئے پرینکا نے اسے شرمناک قرار دیا۔ اس دوران پرینکا نے خواتین کے لیے بڑا اعلان کیا۔ پرینکا نے کہا کہ ریاست میں حکومت بننے کے بعد گرہلکشمی اسکیم کو نافذ کیا جائے گا۔ اس اسکیم کے ذریعے ریاست کی ہر گھریلو خاتون کو ماہانہ 2-2 ہزار روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔