بسواکلیان: ریاست کرناٹک کے بسواکلیان میں واقع سبھا بھون میں منعقدہ قرآن پروچن کو خطاب کرتے ہوئے اسلامی مبلغ محمد کنہی نے اپنی 60 منٹوں کی طویل تقریر میں کہاکہ انسانوں نے کامیاب زندگی گزارنے کے اپنے اپنے طریقے اختیار کرلئے ہیں لیکن ان طریقوں کی کامیابی کی کوئی ضمانت نہیں ہے۔ صرف قرآن مجید کے اصول کامیاب زندگی گذارنے کیلئے ضامن ہوسکتے ہیں۔
محمد کنہی نے کامیاب زندگی گذارنے کے قرآنی تصور کو نہایت جامع اور متاثر کن پیرایے میں بیان کیا انہوں نے قرآن مجید کی متعدد آیات کے حوالے سے بتایا کہ انسان محرومیوں پر صبر کرتے ہوئے اور نعمتوں پر شکر ادا کرتے ہوئے کامیاب اور پرسکون زندگی بسر کرسکتا ہے۔محمد کنہی نے مزید کہا کہ موت زندگی کی تلخ حقیقت ہے اور چاہے طاقتور ترین بادشاہ ہو کہ دولتمند یا پھر عام انسان کوئی موت سے نہیں بچ سکتاہے، انسانوں نے سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی سے روبوٹ اور سینسر تو بنالئے لیکن موت سے بچنے کی کوئی تکنیک ایجاد نہیں کرسکا کیونکہ موت سے بچنا انسان کے اختیار میں نہیں ہے۔