حیدرآباد/ بیدر: کرناٹک کے معروف عالم دین حضرت مولانا پی ایم مزمل صاحب رشادی والا جاہی ناظم ادارہ منبع الرشادو خلیفہ مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندی کی کار تلنگانہ کے کاماریڈی ضلع میں حادثہ کا شکار ہوگئی۔ جس میں ایک شخص جاں بحق ہوگئے اور کار میں سوار مولانا پی ایم مزمل اور دیگر معمولی زخمی ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق مولانا پی ایم مزمل مہاراشٹر کے پربھنی میں ایک پروگرام میں شرکت کے بعد پیر کی رات دیرگیے بنگلور واپسی کے لۓ براہِ کاماریڈی بائی پاس حیدرآباد ایئرپورٹ جارہے تھے۔
بتایا جارہا ہے کہ انھیں منگل کی صبح 6 بجے حیدرآباد ایرپورٹ پہنچنا تھا اس لیے کار کی رفتار بہت تیز تھی، جس کے نتیجے میں کار ایک ڈی سی ایم کو اُوور ٹیک کرتے ہوئے بےقابو ہوکر حادِثہ کا شکار ہوگئی۔ حادثہ ایک ڈھابے کے قریب صبح تقریبا تین بجےکے آس پاس ہوا تھا۔
وہاں موجود افراد نے مولانا کو پہلے سرکاری ہاسپٹل کاماریڈی منتقل کیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد مولانا کے علاوہ دیگر زخمیوں کو مہندی پٹنم حیدرآباد کے اولیو ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ اس موقع پر مجلس اتحاد المسلمین کے رکن اسمبلی کوثر محی الدین نے دواخانہ پہنچ کر مولانا سے ملاقات کی-