ڈاکٹر ماجد داغی معتمدِ انجمن ترقی اُردو ہند گلبرگہ نے بتایا کہ محکمہ پبلک اِنسٹرکشن کی جانب سے 20 جولائی تا 14 اگست جماعت ہشتم، نہم اور دہم کے طلبہ کے لیے ڈی ڈی چندنا چینل پر برج کورس ویڈیو اسباق ٹیلی کاسٹ کئے گئے جس میں صرف زبانِ اول اُردو کے ہی اسباق شامل رہے۔ اُردو میڈیم طلبہ کے لیے زبانِ دوم کنڑ زبان سوم انگلش، ریاضی، سائنس اور سماجی سائنس کے اسباق شامل نہیں کے گئے۔
اس ضمن میں انجمن ترقی اُردو ہند گلبرگہ نے 29 جولائی کو ریجنل کمشنر پبلک انسٹرکشن گلبرگہ ڈویژن سے احتجاج کرتے ہوئے ان مضامین کے ویڈیو اسباق فوری ڈی ڈی چینل چندنا پر پیش کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
اب 17 اگست سے 23 اکتوبر 2020 تک یعنی دس ہفتوں کے لیے ڈی ڈی چینل چندنا پر نصابی ویڈیو اسباق پیش کرنے کا ٹائم ٹیبل ڈی ایس ای آرٹی نے جاری کیا ہے اور اس کے مطابق چندنا پر ویڈیو اسباق پیش کئے جارہے ہیں۔ اس میں بھی صرف زبانِ اول اُردو ہی شامل ہے۔
اُردو میڈیم طلبہ کے لیے زبان دوم کنڑ، زبانِ سوم انگلش، ریاضی، سائنس اور سماجی سائنس کے اسباق کو شامل نہیں کیا گیا جس سے اُردو میڈیم طلبہ کے ساتھ نا انصافی ہو رہی ہے جبکہ کنڑ میڈیم اور انگلش میڈیم کے طلبہ کے لیے جملہ چھے مضامین زبان اول، زبان دوم، زبانِ سوم، ریاضی سائنس اور سماجی سائنس کے ویڈیو اسباق پیش ہو رہے ہیں۔