بنگلور: شمال مشرقی ریاست منی پور میں تشدد کئی ہفتہ سے جاری ہے۔ آئے دن نئے حملوں کی واردات پیش آرہی ہیں اور اس درمیان معصوم لوگوں کی جانیں جارہی ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ اپنے گھروں کو چھوڑ کر جانے پر مجبور ہیں۔ منی پور کے حالات کو لے بنگلور میں ایس یو سی آئی کمیونسٹ کی جانب سے آج فریڈم پارک میں پرزور احتجاجی مظاہرہ کا انعقاد کیا گیا۔ اس دوران بھارتیہ جنتا پارٹی و وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔
ایس یو سی آئی کمیونسٹ پارٹی کے رہنما سری رام نے کہا کہ بین النسلی نفرت اور قتل جیسے تشدد کے سیاہ اور خون آلود بادل نے مئی کے اوائل سے منی پور کو لپیٹ میں لے لیا ہے، جہاں ریاست کے بے بس شہری اور باشندے مرکزی حکومت اور باقی ہندوستان دونوں کی طرف سے مکمل طور پر لاوارث محسوس کر رہے ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے 24 جون کو آل پارٹی میٹنگ کی صدارت کی۔ امید ہے کہ نئی دہلی کی طرف سے صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے کسی قسم کی متفقہ سیاسی مداخلت شروع کی جائے گی۔