بنگلورو: جمعرات کو کانگریس لیجسلیچر پارٹی (سی ایل پی) کی میٹنگ میں سدارامیا کو باضابطہ طور پر کرناٹک کا لیڈر اور وزیراعلی منتخب کیا گیا، جس کے بعد سدارامیا نے گورنر تھاورچند گہلوت سے ملاقات کرکے حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔ کانگریس کی مرکزی قیادت نے جمعرات کو اعلان کیا کہ سدارامیا وزیر اعلیٰ ہوں گے، جب کہ ریاستی پارٹی صدر ڈی کے شیوکمار واحد نائب وزیر اعلیٰ ہوں گے۔
اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری رندیپ سنگھ سرجے والا اور دو دیگر مرکزی مبصرین - مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی سشیل کمار شندے اور اے آئی سی سی جنرل سکریٹری جتیندر سنگھ نے بھی اندرا گاندھی بھون میں نو منتخب کانگریس ایم ایل ایز، ایم ایل سی اور ایم پی کی میٹنگ میں شرکت کی۔ سرجے والا کے مطابق، شیوکمار نے سدارامیا کو کرناٹک میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا نیا لیڈر منتخب کرنے کے لیے ایک قرارداد پیش کی۔ کانگریس پارٹی کے تمام ارکان نے متفقہ طور پر اس کی حمایت کی۔