منڈیا: کرناٹک کے منڈیا شہر کی ایک عدالت کی ہدایت پر منڈیا پولیس نے ریاستی کانگریس کے صدر ڈی کے شیوکمار کو سری رنگا پٹنا تعلقہ میں 'پرجا دھوانی یاترا' کے ایک حصہ کے طور پر ایک روڈ شو کے دوران لوک فنکاروں پر کرنسی نوٹوں کے گڈی پھینکنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ یہ واقعہ 28 مارچ کو پیش آیا جب ایک ٹرک پر کھڑے ڈی کے شیوکمار نے لوک فنکاروں پر 500 روپے کے نوٹ پھینکے۔ جس کا ایک ویڈیو الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے کرناٹک اسمبلی انتخابات کے اعلان سے ایک دن پہلے سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا۔اس ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے منڈیا کے جوڈیشل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس کورٹ میں شیوکمار کے خلاف مقدمہ دائر کیا۔
عدالت نے 2 اپریل کو پولیس کو کانگریس لیڈر کے خلاف مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی تھی۔ یاد رہے کہ کرناٹک میں 224 اسمبلی سیٹیں ہیں، حکمراں بی جے پی کے پاس فی الحال 119 ایم ایل اے ہیں، جب کہ کانگریس کے پاس 75 اور اس کی اتحادی جنتا دل (ایس) کے پاس 28 ہیں۔ الیکشن کمیشن نے 29 مارچ کو اسمبلی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا تھا۔ اس کے مطابق 10 مئی کو ایک ہی مرحلے میں پولنگ ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 13 مئی کو ہوگی۔