نئی دہلی: کرناٹک اسمبلی انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہونے کے بعد سے ہی سیاسی پارٹیاں انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ جیسے جیسے پولنگ کی تاریخ قریب آتی جارہی ہے، انتخابی مہم تیز تر ہوتی جارہی ہے۔ پارٹیاں اپنی اپنی جیت کے دعوے کر رہی ہیں۔ اسی دوران کانگریس نے بدھ کو وزیر داخلہ امت شاہ پر کرناٹک اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں جاری مہم کے دوران دھمکی دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اس الیکشن میں ہار رہی ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے یہ بھی کہا کہ کانگریس شاہ کے بیان سے متعلق مسئلہ کو الیکشن کمیشن کے ساتھ اٹھائے گی۔
غور طلب ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو ایک انتخابی میٹنگ میں کہا تھا کہ اگر کرناٹک میں کانگریس اقتدار میں آتی ہے تو ریاست میں ایک ہی خاندان کی سیاست اپنے عروج پر ہوگی اور یہ فسادات کی لپیٹ میں آجائے گی۔ شاہ نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر کانگریس حکومت بناتی ہے تو ریاست میں اب تک جو ترقی ہوئی ہے وہ 'ریورس گیئر' میں جائے گی۔ اس معاملے پر رمیش نے بدھ کو ٹویٹ کیا کہ یہ کھلم کھلا دھمکی آمیز بیان ہے۔