وجئے پورہ (کرناٹک):کرناٹک کے وجئے پورہ میں پیر کی رات ایک نجی گودام میں مکئی سے بھری بوریوں کے نیچے پھنس جانے سے بہار کے کم از کم سات مزدوروں کی موت ہوگئی۔ پولیس کی تصدیق کے مطابق گودام میں کم از کم 11 مزدور پھنسے ہوئے ہیں اور موقع سے تین مزدوروں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، اس سے قبل تین مزدوروں کو بچا لیا گیا تھا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مزدور فوڈ پروسیسنگ یونٹ راج گرو انڈسٹریز کی سرگرمیوں میں مصروف تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مکئی کی بوریوں پر مشتمل اسٹوریج یونٹ کے کئی سیٹ گرنے سے مزدور پھنس گئے تھے۔ مرنے والے مزدوروں کی شناخت راجیش مکھیا (25)، رامبریز مکھیا (29)، شمبھو مکھیا (26)، لکھو جادھو (45) اور رام بالک (52) کے طور پر کی گئی ہے۔ ہلاک ہونے والے مزدوروں میں سے ایک کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ کارکنوں کا دم گھٹنے سے موت ہوا ہے۔