ریاست کرناٹک کے کانگریس پارٹی کے سینئر رہنما اور ایم ایل سی سی ایم ابراہیم کا کہنا ہے کہ انہوں نے کانگریس پارٹی سے استعفی دے دیا ہے اور جلد ہی وہ جے ڈی ایس میں شامل ہوں گے۔
سی ایم ابراہیم کا کانگریس سے استعفیٰ انہوں نے کہا کہ وہ ایک دو دن میں سابق وزیر اعظم اور جے ڈی ایس کے قد آور رہنما ایچ ڈی دیو گوڑا سے ملاقات کرکے پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کریں گے۔ Karnataka Congress Leader CM Ibrahim Quits Party
میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’میں کانگریس پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے سونیا گاندھی کو اس سلسلے میں ایک خط بھی بھیج دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایم ایل سی کے عہدے سے بھی استعفیٰ دے رہے ہیں اور اس سلسلے میں حزب اختلاف کے رہنما سدارامیا کو ایک خط بھیجا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "میں اب آزاد ہوں اور کوئی بھی فیصلہ کرنے کی آزادی ہے، " انہوں نے سونیا گاندھی، راہل گاندھی، سدارمیا اور ریاستی کانگریس کے سربراہ ڈی کے شیوکمار سمیت قومی اور ریاستی کانگریس کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ سی ایم ابراہیم 2008 میں کانگریس میں شامل ہوئے تھے اور گزشتہ کئی دنوں سے کانگریس پارٹی اور سدارمیا سے ناراض چل رہے تھے۔
بتایا جارہا ہے کہ ابراہیم نے کانگریس چھوڑنے کا فیصلہ اس لیے کیا ہے کیونکہ پارٹی کی جانب سے بی کے ہری پرساد کو قانون ساز کونسل میں اپوزیشن رہنما کے طور پر مقرر کیا گیا ہے، جس عہدہ پر ان کی نظر تھی۔
انہوں نے کانگریس پر اقلیتی طبقے کے قائدین کو نظر انداز کرنے اور اس کو صرف ووٹ بینک کے طور پر استعمال کرنے کا الزام لگایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جے ڈی ایس 2023 کے اسمبلی انتخابات میں ریاست میں اقتدار میں آنے کا امکان ہے۔