بیدر: ریاست کرناٹک کے ضلع بیدر میں واقع شاہین انڈر گریجویٹ سائنس کالج میں ٹریفک قوانین سے متعلق بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں محکمہ پولیس کے اعلیٰ آفسران اور طلبا و طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مہیش میگھنوار نے شاہین انڈرگریجویٹ سائنس کالج، بیدر میں منعقد ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی پروگرام سے خطاب کیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مہیش میگھنانوار نے کہا کہ سڑک حادثات سے بچنے کے لیے عوام کو بغیر کسی رکاوٹ کے ٹریفک قوانین پر عمل کرنا چاہیے۔وہ یہاں شاہ پور گیٹ کے قریب شاہین انڈر گریجویٹ سائنس کالج میں ضلعی پولیس کی جانب سے روڈ ایکسیڈنٹ سے بچاؤ کے مہینے کے موقع پر منعقد ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ 75 فیصد سڑک حادثات ڈرائیوروں کی لاپرواہی کی وجہ سے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے 18 سے 35 سال کی عمر کے نوجوان بڑی تعداد میں اپنی جانیں گنوا رہے ہیں۔2022 میں ملک میں 3.5 لاکھ سے زیادہ سڑک حادثات میں 1.55 لاکھ افراد ہلاک ہوئے۔ ریاست میں 36,100 حادثات میں 9,857 افراد ہلاک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ 57 فیصد کیسز تیز رفتاری اور لاپرواہی کی وجہ سے ہوئے جب کہ 29 فیصد کیسز ہیلمٹ نہ پہننے کی وجہ سے ہوئے۔