بنگلورو: کرناٹک میں میسور کے قریب ایک پرائیویٹ بس اور کار کے درمیان تصادم میں دو بچوں سمیت دس افراد کی موت ہو گئی۔ میسور کی پولیس سپرنٹنڈنٹ سیما لاٹکر نے یہ اطلاع دی۔ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے امدادی رقم کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے ٹویٹ کیا، ’’میسور ضلع کے ٹی نرسی پورہ کے قریب پیش آنے والے اس بدقسمت حادثے سے انتہائی غمزدہ ہوں، جس میں 10 معصوم لوگوں کی موت ہوگئی۔ چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے مرنے والوں کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے کا معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔ میں نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کے مناسب علاج کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔"
یہ حادثہ میسور ضلع کے ٹی نرسی پورہ کے قریب پیش آیا۔ مرنے والوں کی شناخت سجاتا (40)، کوٹریش (45)، گایتری (35)، سرویہ (3)، منجوناتھ (35)، پورنیما (30)، پون (10)، کارتک (8) سندیپ (24) اورڈرائیورآدتیہ کے طور پر کی گئی ہے۔