بنگلور:کرناٹک میں اسمبلی الیکشنز کے پیش نظر ریاست کی سول سوسائٹی کی جانب سے 'یدیلو کرناٹک' نامی ایک پلیٹ فارم متحرک ہے، جس کا مقصد ہے کہ نفرت پھیلانے و معاشرے میں پھوٹ ڈالنے والی کمیونل فورسز کو پاور سے ہٹانا۔ ریاست کی اہم شخصیات و نامور دانشوران "یدیلو کرناٹک - جاگو کرناٹک" مہم کی حمایت میں آرہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ آنے والے الیکشنز میں ریاست سے نفرت پھیلانے و معاشرے میں پھوٹ ڈالنے والی کمیونل فورسز کو پاور سے ہٹایا جائےگا۔
اس سلسلے میں کرناٹک کے معروف شاعر و مصنف محمد اعظم شاہد و جانے مانے ماہر تعلیم عبد السبحان نے یدیلو کرناٹک کو اپنی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اعظم شاہد و عبد السبحان کا کہنا ہے کہ کرناٹک ایک پروگریسیو و دراویڈین اسٹیٹ ہے اور یہاں پر بی جے پی کے 'پھوٹ ڈالو حکومت کرو' والے فارمیولے کو ناکام کیا جائیگا۔ اس موقع پر عبد السبحان نے کہا کہ گزشتہ تقریباً 4 سالوں میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کے دوران گویا اقلیتوں و مسلمانوں و خاص طور پر مسلمانوں پر لگاتار ظلم کیا گیا۔ حجاب مخالف مہم سے شروعات ہوئی۔ پردہ مخالف، اذان مخالف و اسی طرح کئی ایجنڈوں پر بی جے پی عمل پیرا ہے۔ اس مقصد کے ساتھ کہ وہ مسلمانوں کو نشانہ بنائے اور دیگر غیر مسلم طبقات کے ووٹوں کی کھیتی کرے۔