کوزی کوڈ: کیرالہ کی وزیر صحت وینا جارج نے ایک ہنگامی اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں صحت کے حکام کی جانب سے مشتبہ نپاہ وائرس کے پھیلنے کے سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیر خود کوزی کوڈ میں احتیاطی کارروائیوں کی نگرانی کر رہی ہیں۔ اجلاس کے بعد وزیر وینا جارج نے کوزی کوڈ میں نپاہ بخار سے ہونے والی مشتبہ اموات کے بعد ضلع بھر میں عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کوزی کوڈ کے علاوہ دیگر اضلاع سے مزید ڈاکٹروں کو تعینات کیا جائے گا۔ مشتبہ نپاہ سے متاثرہ بخار کے مریضوں کو کورنٹائن کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ نیشنل وائرولوجی انسٹی ٹیوٹ، پونے کو بھیجے گئے نمونوں کے ٹیسٹ کا نتیجہ آج شام تک دستیاب ہو جائے گا۔
کیرالا میں نپاہ وائرس کو پھیلنے سے روکنے کےلئے تمام دستیاب حفاظتی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ مرنے والوں کی رابطے میں آنے والوں کی فہرست تیار کی جارہی ہے اور ابتدائی فہرست میں شامل افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے مشتبہ متاثرہ علاقوں کی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔ پانچ نمونوں کو جانچ کےلئے بھیجا گیا ے۔ وزیر نے یہ بھی بتایا کہ نو سالہ لڑکے کی حالت تشویشناک ہے جو اس وقت زیر علاج ہے۔ وزیر نے اس بات کی بھی تحقیقات کرنے کی ہدایت کی کہ آیا ماضی میں بھی ایسی ہی اموات ہوئی ہیں۔ محکمہ صحت نے کوزی کوڈ کے تمام بخار کے معاملات کا ماہرانہ معائنہ شروع کر دیا ہے۔