بنگلور شہر میں پولیس اسٹیشنز پر پرتشدد حملوں اور فسادات کے سلسلے میں این آئی اے نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کی سیاسی ونگ، سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) کے دفاتر کی تلاشی لی۔
قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کے ترجمان نے بتایا کہ 'بنگلور میں 11 اگست کو ڈی جے ہالی اور کے جی ہالی پولیس اسٹیشنز پر پرتشدد حملوں کے سلسلے میں بنگلور میں 43 مقامات پر تلاشی لی گئی جس میں ایس ڈی پی آئی کے چار دفاتر بھی شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ مقدمات بڑے پیمانے پر ہنگامہ آرائی سے متعلق ہیں جس میں پولیس اہلکاروں کو چوٹیں آئیں تھیں۔ پولیس اسٹیشنز کی عمارتوں اور سرکاری و نجی گاڑیوں سمیت سرکاری و نجی املاک کو تباہ کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فسادی مہلک ہتھیاروں سے لیس تھے۔