بیدر: ریاست کرناٹک میں 10 مئی کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے مدنظر تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے تشہیری مہم میں تیزی لائی گئی ہے۔ امیدوار ووٹرز کی توجہ اپنی اپنی طرف مبذول کرانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ اسی درمیان بیدر جنوب سے عام آدمی پارٹی کے امیدوار محمد نسیم الدین نے انتخابی مہم کے دوران عوام کی خدمت کے لئے ایک موقع دینے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عام آدمی پارٹی نے جس طرح سے دہلی اور پنجاب کے لوگوں کی خدمت کی ہے ٹھیک اسی طرح ہم بھی آپ کی خدمت کے خواہشمند ہیں۔
عام آدمی پارٹی کے امیدوار محمد نسیم الدین نے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی پارٹی کا نشان جھاڑو ہے اور عوام جھاڑ و کے نشان پر ووٹ ڈال کر مجھے بیدر جنوب اسمبلی حلقہ سے بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیدر جنوب اسمبلی حلقہ بنے 15 سال گزر چکے ہیں۔ آپ لوگوں نے ایک ایم ایل اے کو تین مرتبہ موقع دیا لیکن انہوں نے آپ کے لئے کیا کیا۔ انہوں نے بیدر جنوب کو سنگا پور بنانے کا وعدہ کیا لیکن وہ پانچ برسوں تک عوام کی نظروں سے دور رہے۔