بیدر (کرناٹک) :دس مئی کو ہونے والے کرناٹک اسمبلی انتخابات کو لے کر سبھی سیاسی پارٹیوں کے اعلیٰ قائدین پارٹی امیدواروں کے انتخابی جلسے جلوس اور روڈ شوز میں شرکت کر رہے ہیں۔ کانگریس پارٹی سے راہل گاندھی، پرینکا گاندھی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ بھی ان اہم سیاسی شخصیات میں شامل ہیں جو ریاست کرناٹک کے مختلف اضلاع کا دورہ کر رہے ہیں۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی میں ملک کے وزیراعظم نریندر مودی 29 اپریل کو کرناٹک ریاست کے ضلع بیدر کا دورہ کر رہے ہیں۔
بیدر ضلع کے ایک تعلقہ ہمناآباد حلقہ اسمبلی سے بی جے پی کے امید وار ڈاکٹر سدھو پائل کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ 29 اپریل کو ہمنا آباد کا دورہ کریں گے۔ وہ 29 اپریل کو صبح دس بجے ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ اس بات کی اطلاع مرکزی وزیر اور رکن پارلیمان بیدر بھگونت کھوبا نے ہمنا آباد میں بی جے پی پارٹی آفس میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کے جلسہ میں دو سے تین لاکھ لوگوں کی شرکت کا امکان ہے۔