بیدر:ریاست کرناٹک کے ضلع بیدر میں جمعیت علمائے کے مقامی صدر مولانا مفتی غلام یزدانی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ماہ ذوالحجہ کہ شروع کے دس ایام کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس ماہ کو ذوالحجہ اس لیے بھی کہا جاتا ہے کہ اس ماہ میں حج ہوتا ہے۔ ذوالحجہ اسلامی سال کا آخری مہینہ ہے ۔اس کے بعد اسلامی سال کا نیا مہینہ محرم شروع ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا دنیا کے افضل ایام میں ذوالحجہ کے ابتدائی دس دن ہیں۔ ان دنوں کے عمل سے زیادہ کسی دن کے عمل میں فضیلت نہیں ہے۔
مفتی غلام یزدانی نے کہا کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ذوالحجہ کے شروع کے نو ایام میں روزہ رکھے۔ اللہ تبارک و تعالی ہر روزے کے بدلے ایک سال کے روزوں کے برابر ثواب عطا فرمائے گا۔انہوں نے کہا کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو بندہ نو ذوالحجہ کو روزہ رکھے گا۔ اس کو دو سال کے روزے رکھنے کا ثواب ملے گا اور ایک سال کے گناہ اللہ تبارک و تعالی معاف کریں گے اور ایک سال کے نیکیاں اس کے نامہ اعمال میں شامل کریں گے۔ ایک سال کے درجات اس کے بلند فرمائیں گے۔