بنگلور:منگلور سے کانگریس کے رکن اسمبلی یو ٹی قادر آج کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر کے عہدے کے لیے بلا مقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔ یو ٹی قادر نے ایک دن قبل اسمبلی کے سکریٹری ایم کے وشالکشی کے پاس اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا۔ چونکہ اسپیکر کے عہدے کے لیے ان کی واحد نامزدگی جمع کرائی گئی تھی، اس لیے قادر کا انتخاب بلا مقابلہ قرار دیا گیا۔
وزیر اعلیٰ سدارامیا نے اس عہدے کے لیے قادر کا نام تجویز کیا تھا جبکہ نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے اس کی تائید کی تھی۔ اس عہدے کے لیے قادر کے انتخاب کا اعلان بدھ کو اسمبلی سے پہلے کیا گیا۔ وہیں کرناٹک اسمبلی کے نئے اسپیکر کو سابق وزیر اعلیٰ بسواراج بومائی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے اراکین نے مبارکباد دی۔ 53 سالہ یو ٹی یو ٹی قادر کانگریس کے سینبئر لیڈر اور کرناٹک کے سابق وزیر یو ٹی فرید کے بیٹے ہیں۔