بیدر:شاہین ادارہ جات، بیدر، میں ’’مدرسہ پلس پروگرام‘‘ کی آفیشل ویب سائٹ www.madarsaplus.org کا ڈاکٹر عبد القدیر، چیئرمین شاہین ادارہ جات بیدر، کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقعے پر ڈاکٹر عبدالقدیر نے اپنے خطاب میں بتایا کہ ’’ملک کا معروف تعلیمی ادارہ شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشن کی جانب سے گذشتہ 12 برس سے عصری تعلیم سے نابلد حفاظ کے لئے ایک پروگرام حفظ القُرآن پلس کے نام سے ملک بھر میں معروف رہا جس کے تحت ملک کے مختلف مراکز پر عصری تعلیم سے نابلد حفاظ کو عصری تعلیم سے جوڑ کر کامیاب تجربے کئے گئے جس کے نتیجہ میں حفاظ طلباء کے تعلیمی نتائج نے ملک بھر میں ایک انقلاب برپا کیا۔‘‘
ڈاکٹر عبد القدیر کا مزید کہنا ہے کہ کئی طلباء ڈاکٹرز انجینئرس کے علاوہ دیگر پیشہ ورانہ کورسز میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ملک و بیرون ملک برسر خدمات ہیں۔ اب اس ضمن میں یہ احساس ہوا کہ اس تحریک کو بڑے پیمانے پر موثر طریقہ کار سے ملک میں عام کریں۔ مدرسہ پلس نام سے ایک تحریک شروع کی گئی ہے۔ اس میں یقینا علماء کرام کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی اور ساتھ ساتھ ہی ملک بھر سے لوگوں کا تعاون، دعائیں، تائید کے اعلانات شامل حال ہیں اور بہت کم وقت میں لیکن محض اللہ کا فضل ہوا یہ پروگرام الحمد للہ شروع ہونے جا رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ’’ہمارا ہدف تھا کہ 50شاخیں قائم کر کے5ہزار حفاظ طلبہ کو عصری تعلیم سے جوڑا جائے گا لیکن خواہشمند مدارس اور ذمہ دارانِ مدارس نے آگے بڑھ کر اس کو پسند کرنا شروع کیا اور اس میں مختلف کورسز مدارس کے فارغین کےلئے رکھے گئے اور اب الحمد 50کے بجائے59مدارس میں مدرسہ پلس پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔‘‘