بیدر: ریاست کرناٹک کے ضلع بیدر کے رٹکل پورہ میں واقع اسلامی لائبریری میں کلیان کرناٹک اردو جرنلسٹ ایسوسی ایشن نے میڈیا اکاڈمی جانب سے مومنٹو، توصیفی سند اور ایوارڈ سے سرفراز کئے جانے پر انگریزی انڈین ایکسپریس کے نمائندہ ماروتی بھاوی دوڈی کے لیے استقبالیہ جلسے کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقعے پر کلیان کرناٹک اردو جرنلسٹ اسوسی ایشن کے صدر اور سنیئر صحافی محمد یوسف رحیم نے ماروتی بھاوی دوڈی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کنٹری اخبار سے ملک کے معروف انگریزی اخبار انڈین ایکسپریس تک کا ماروتی بھاوی دوڈی کا سفر تین دہائیوں پر مشتمل ہے۔ ان تین دہائیوں میں انھوں نے اپنے آپ کو کبھی ایک بڑے صحافی کے طور پر پیش نہیں کیا۔ وہ ہمیشہ سادگی سے اپنا کام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ان کے شب و روز دیکھے ہیں۔ انھوں نے انتہائی ایمانداری کے ساتھ صحافت کے گلیاروں میں کام کیا ہے۔ مؤقر انگریزی اخبار کے صحافی ہونے کے باوجود بھی ان میں سادگی دیکھنے کو ملتی ہے جو بہت کم لوگوں میں پائی جاتی ہے۔ صحافی محمد یوسف رحیم بیدری نے کہا کہ ہم نے ماروتی بھاوی دوڈی سے صحافت کے میدان میں بہت کچھ سیکھا ہے۔ اس میدان میں آنے والے نئے صحافیوں کے لئے ماروتی بھاوی دوڈی ایک عمدہ مثال ہیں۔