ریاست کرناٹک میں شہر بیدر کے ادارہ ادب اسلامی ہند شاخ کے زیر اہتمام وزڈم کالج میں یوم اردو صحافت کا انعقاد کیا گیا۔
اردو صحافت کے 197 برس مکمل ہونے کے موقع پر یوم اردو صحافت منایا گیا۔
اس موقع پر ادارہ ادب اسلامی بیدر کی جانب سے شہر کے تمام اردو صحافیوں کو تہنیت پیش کی گئی۔
پروگرام کی صدارت ادارہ ادب اسلامی ہند بیدر کے صدر جمیل احمد ہاشمی نے کی۔
اس موقع پر محمد آصف الدین سکریٹری وزڈم کالج اور سید الحسن قادری ایڈیٹر ادبی عکاس نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔
معروف صحافی یوسف رحیم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ '27 مارچ 1822کو ہری دت نے پہلا اردو اخبار جاری کیا تھا جس کا سلسلہ آج تک جاری ہے، ہر شہر ہر گاؤں میں اردو اخبار ہیں'۔
ان کا کہنا تھا کہ ' اردو اخبارات کی ضرورت ہے اگر اخبار نہیں ہوگا تو انقلاب نہیں آئے گا'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'آج کا دن صحافیوں کے لیے خوشی کا دن ہے، اردو صحافت 197 سال ہوئے ہیں میں اردو صحافت کے دو سو سال کی قبل از وقت مبارکباد پیش کرتا ہوں'۔