کرناٹک کے گلبرگہ شہر میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا نے ضلع کمشنریٹ کے سامنے ری پبلک نیوز چینل کے سربراہ ارنب گو سوامی کے خلاف احتجاج کیا ۔
اس موقع پر ایس ڈی پی آئی کے ذمہ داران نے ای ٹی وی بھارت کو بتاتے ہوئے کہا کہ رپبلک نیوز چینل کے سربراہ ارنب گو سوامی کے حال ہی میں منظر عام آنے والے واٹس اپ چیٹ سے سنگین سوالات اٹھتے ہیں۔ مظاہرین نے کہا کہ ارنب کی چیٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ مرکزی حکومت قومی سلامتی سے متعلق امور کو کسی طرح سنبھال رہی ہے۔ اس سے یہ بات بھی سامنے آتی ہے کہ سرکاری نظام سے باہر کا کوئی شخص حکومت کے بڑے لوگوں سے اپنا اثر و رسوخ استعمال کر کے قومی سلامتی سے متعلق خفیہ معلومات حاصل کر رہا تھا۔ ایسا لگ رہا ہے کہ حکومت اس معاملے میں بہری اور گونگی ہو نے کا بہانہ کر رہی ہے ۔