بیدر: ریاست کرناٹک میں اسمبلی انتخابات 2023 کے مدنظر سیاسی گہماگہمی تیز ہوتی جا رہی ہے۔ حکمراں جماعت بی جے پی اور اپوزیشن جماعتوں کانگریس سمیت دیگر پارٹیوں کی جانب سے ووٹرز کی توجہ اپنی اپنی جانب مبذوال کرانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ اسی درمیان کرناٹک پردیش کانگریس کی مہیلا کمیٹی کی ریاستی سیکریٹری اسما خانم نے ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی ریاستی حکومت کی ناکامی اور عوام مخالف پالیسیوں کے سبب عام لوگ اکتا چکے ہیں۔ عوام اب کانگریس کو متبادل کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ برسر اقتدار حکومت بی جے پی کہ کہنے اور کرنے میں بہت بڑا فرق ہے۔ کرناٹک میں برسراقتدار بی جے پی حکومت سے عوام بے حد پریشان ہیں۔ مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اسمبلی انتخابات میں ٹکٹ کی تقسیم میں خواتین کی حصہ داری کے سوال پر اسما خانم نے کہا کہ مہیلا کانگریس کی جانب سے پارٹی کے اعلی کمان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ خواتین کو 40 فیصد ٹکٹ دیا جائے تاکہ اسمبلی میں خواتین کی نمائندگی میں اضافہ ہو سکے۔