بنگلور:کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور میں قریشی برادری نے 2023 کے اسمبلی انتخابات میں جے ڈی ایس کی غیرمشروط حمایت کا اعلان کیا ہے۔ حال ہی میں جمعیت القریش کرناٹک کے ایک وفد نے جے ڈی ایس پارٹی کے لیڈر ایچ ڈی کمارا سوامی سے ملاقات کی تھی اور اپنے مسائل سے متعلق میمورنڈم پیش کرتے ہوئے ان کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ Karnataka Assembly Election
اس سلسلے میں جمعیت القریش کرناٹک کے صدر قاسم شعیب الرحمن قریشی نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ صرف کانگریس کا ووٹ بینک بن کر نہیں رہنا چاہتے لہذا قریشی برادری کے مسائل کے حل کے لیے انہوں نے جے ڈی ایس سے بات چیت کی چونکہ وہ ایک کسانوں کی پارٹی ہے۔ کرناٹک کے مختلف اضلاع کی نمائندگی کرنے والے ریاست بھر سے قریشی برادری کے رہنماؤں کے ایک وفد نے آل انڈیا جمعیت القریش کرناٹک چیپٹر کے صدر شعیب الرحمان قریشی کی قیادت میں کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسیمی سے ملاقات کی۔
اس دوران جے ڈی ایس قریش برادری کو یقین دہانی کروائی کہ وہ انسداد مویشیوں کے ذبیحہ ایکٹ کو ختم کرے گی اور کرناٹک میں جدید ذبح خانے بنائے گی۔ ملاقات کے دوران شعیب الرحمان قریشی نے کمارا سوامی سے کہا کہ قریش برادری آپ کی حمایت کرتی ہے اور ہم آپ کو کرناٹک کے اگلے وزیر اعلیٰ کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ شعیب الرحمان قریشی نے کہا کہ چند خاندانوں کے علاوہ قریش برادری کی اکثریت غریب ہے جو محنت مزدوری کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی بی جے پی حکومت نے ریاست میں متنازع انسداد مویشی ذبیحہ ایکٹ کو قانون سازی کرکے قریشی برادری کو معاشی اعتبار سے تباہ کردیا ہے۔ اس ایکٹ نے نہ صرف قریشی برادری کی روزی روٹی چھینی لی ہے بلکہ قصابوں کے کاروبار سے وابستہ ایس سی، ایس ٹی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے ایک بڑی تعداد کے مزدوروں کی بھی روزگار چھینا ہے۔