مانڈیا: کرناٹک کے مانڈیا کی طالبہ مسکان نے حجاب پر پابندی کو منسوخ کرنے کی یقین دہانی پر وزیر اعلیٰ سدارامیا کا شکریہ ادا کیا۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ گذشتہ سال فروری میں کالج میں داخل ہوتے وقت انہوں نے حجاب کی مخالفت کرنے والے ایک گروپ کے سامنے اللہ اکبر کا نعرہ لگایا تھا۔ ہفتہ کو شہر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعلیٰ سدارامیا کے حجاب پر پابندی کو واپس لینے کی یقین دہانی کا خیرمقدم کرتی ہوں۔ ہمیں ہمارے حقوق واپس دلانے کے لیے میں وزیر اعلیٰ سدارامیا کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے ہمارے کلچر کی حمایت کی ہے۔ ہم بھائی بہن کی طرح کالج جاتے تھے۔ میں پھر کالج جاؤں گی۔ حجاب ہماری ثقافت ہے اور ہمیں یقین تھا کہ ہمیں ہمارے حقوق واپس ملیں گے۔ اب ہر کوئی اپنے حقوق کے مطابق زندگی گزار سکے گا۔ میں اسی کالج میں اپنی تعلیم جاری رکھوں گا۔ حجاب کے تنازع کی وجہ سے کئی لڑکیاں تعلیم سے محروم ہو گئیں، یہاں تک کہ میں بھی ایک سال تک کالج نہیں گئی۔ اب ہر کوئی آزادی کے ساتھ تعلیم حاصل کر سکتا ہے۔ تعلیمی اداروں میں سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
مزید پڑھیں: کرناٹک میں حجاب پر پابندی کی برخواستگی پر ملا جلا رد عمل