کرناٹک کے ضلع یادگیر کے کانگریس یوتھ لیڈر عرفان بادل نے ریاست کرناٹک میں چودہ دن کے لیے لگائے گئے لاک ڈاؤن پر ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن لگانے کا اقدام غیر دستوری ہے۔
'حکومت وائرس پر قابو پانے میں ناکام' ریاست میں ضمنی اور بلدیاتیانتخابات کے موقع پر ریاست کے ذمہ داران کو کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات نظر نہیں آتے اور جب الیکشن ختم ہو گیا تو خود کی ذمہ داری سے بچنے کے لیے لاک ڈاؤن کا سہارا لے کر غریب اور روز مرہ کا کام کرنے والے لوگوں پر ظلم و ستم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال لاک ڈاؤن کے بعد مرکزی حکومت ملک میں کورونا پر قابو پانے کی بات کی تھی مگر آج کورونا کی دوسری لہر نے ان ساری باتوں کو منظر عام پر لایا ہے۔ آج ہم دیکھتے ہیں کہ مختلف ہسپتالوں میں بنیادی سہولتیں اور آکسیجن نہیں ہے۔
ریاستی حکومت ضمنی انتخابات، بلدیہ کے انتخابات پر توجہ نہ دے کر اگر کورونا کو قابو میں کرنے کے لیے محنت کرتی تو آج یہ دن دیکھنے کو نہیں ملتا۔ریاستی حکومت کورونا پر قابو پانے میں پوری طرح ناکام ہو چکی ہے۔