بنگلور:کرناٹک میں اسمبلی انتخابات سے قبل 'یدیلو کرناٹک' یعنی جاگو کرناٹک نام سے ریاست میں سوشل سوسائٹی کی جانب سے ایک پلیٹ فارم کی تشکیل دی گئی، جس میں مختلف میدانوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس پلیٹ فارم کا مقصد فرقہ پرست و فسطائی طاقتوں کو اقتدار سے بے دخل کرنا ہے۔ اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے سوراج انڈیا کے ذمہ دار یوگیندر یادو نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرناٹک میں 10 مئی کو منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات اصل میں 2024 کے مرکزی انتخابات کا فریم تیار کرےگا۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کے الیکشنز یہ طے کریں گے کہ مرکز کو جانے والا راستہ کیا ہوگا۔
اس سوال پر کہ سینیئر لیڈر کبل سبل کا کہنا ہے کہ 2024 کے پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر بھارتیہ جنتا پارٹی ملک بھر میں بڑے پیمانے پر فرقہ وارانہ فسادات کرانے کا منصوبہ کر رہی ہے، یوگیندر یادو نے کہا کہ فرقہ پرست طاقتوں کا دین و ایمان نہیں ہے، وہ ووٹ حاصل کرنے کے لئے کچھ بھی کر سکتے ہیں اور مجھے ڈر ہے کہ یہ لوگ کوئی نہ کوئی خرافات ضرور کریں گے۔ یادو نے 2019 میں ہوئے پلوامہ حملے کو یاد کیا اور کہا کہ حال ہی میں جمو و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کے پلوامہ حملے پر ہوئے خلاصے سے یہ اندیشہ ہوتا ہے کہ گزشتہ پارلیمانی انتخابات سے قبل سیاسی روٹیاں سینکنے کے لئے یہ حملہ کروایا گیا، چنانچہ اس کی اب تک کوئی جانچ نہیں کروائی گئی۔