کرناٹک کے کلبرگی شہر میں ایک جھڑپ کے معاملے میں ماں کے ہمراہ بچی کو بھی جیل میں رکھنے اور بچی کے موت کے بعد جیورگی پولیس اسٹیشن میں تعینات ایک سب انسپکٹر کو معطل کردیا گیا ہے۔ معطل سب انسپکٹر کی شناخت منجوناتھ ہگر کے نام سے ہوئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق کلبرگی کی رہنے والی ایک خاتون کو کسی معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا اور اسے اپنے تین سالہ بچی کے ساتھ جیورگی تھانے میں بھیج دیا گیا تھا۔ جب لڑکی بیمار ہوگئی اور جیل میں اس کی حالت خراب ہوئی تو اسے فوری طور پر جی آئی ایم ایس ہسپتال لایا گیا۔ جہاں ہفتے کی صبح اس نے آخری سانس لی۔
بچی کی موت کے بعد کلبرگی میں گلبرگہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (جی آئی ایم ایس) کے باہر اتوار کے روز سینکڑوں افراد نے مقامی پولیس کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا کہ چھوٹی بچی کی موت کے لئے پولیس ذمہ دار ہے وہیں پولیس نے مظاہرین کو اس معاملے کی منصفانہ تحقیقات کی یقین دہانی کرائی۔