بنگلورو: کرناٹک کانگریس کے کارگزار صدر آر دھرو نارائنا کا اچانک انتقال ہوگیا۔ بنگلورو کے ڈی آر ایم ایس اسپتال کے ڈاکٹر منجوناتھ نے اس بات کی جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ان کا انتقال دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہوا۔ ان کے ڈرائیور نے بتایا کہ آج صبح انہیں سینے میں تیز درد محسوس ہوا جس کے بعد انہیں صبح 6.40 بجے اسپتال لے جایا گیا، لیکن وہ بچ نہیں سکے۔ ایک سادہ اور شریف سیاستدان کے طور پر جانے جانے والے دھرو نارائنا ضلع چامراج نگر سے دو بار ایم پی اور ایم ایل اے منتخب ہوئے تھے۔ فی الوقت وہ میسور کے وجے نگر میں رہ رہے تھے۔ اس بار انہوں نے ننجن گڈو حلقہ سے کانگریس کی نشست کے لیے درخواست دی تھی۔ کے پی سی سی کے ورکنگ پریزیڈنٹ کے طور پر پرانے میسور علاقے میں پارٹی کے تنظیمی کاموں میں سرگرم رہنے والے دھرو نارائنا کی اچانک موت سے پارٹی کو نقصان ہوا ہے۔ کئی شخصیات نے دھرو نارائنا کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
آر دھرو نارائن کے آج اچانک انتقال کی خبر سن کر ہر کوئی صدمے میں ہے۔ کانگریس قانون ساز پارٹی کے لیڈر سدارامیا نے دھرو نارائنا کی سیاسی زندگی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ دھرو نارائنا نے اپنی زندگی میں سخت محنت کی۔ اس میں پختگی اور عزم کے ساتھ اعلیٰ مقام تک پہنچنے کی تمام خوبیاں موجود تھیں۔ ان کی زندگی بیچ میں ہی ختم ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف کانگریس بلکہ کرناٹک کی سیاست کا بھی بڑا نقصان ہے۔