کانگریس پارٹی کا ٹکٹ حاصل کرنے کی پر زور کوشش کرنے کے بعد بھی ٹکٹ نا ملنے پر کرناٹک کانگریس پارٹی کے جنرل سکریٹری عبدالعزیز نے بطور آزاد امیدوار پرچہ داخل کیا تھا لیکن اب انہوں نے اپنا پرچہ واپس لے لیا ہے۔
کرناٹک کانگریس کے سینیئر رہنما و ریاستی جنرل سکریٹری عبد العزیز، ویڈیو عبدالعزیز نے کہا کہ گزشتہ 42 برسوں سے وہ کانگریس کے ساتھ ہیں لیکن انہیں کبھی بھی اسمبلی انتخابات کے لیے ٹکٹ نہیں دیا گیا اسی وجہ سے انہوں نے آزاد امیدوار کے طور پر پرچہ داخل کیا تھا۔
تا ہم اب عبدالعزیز نے کانگریس کے اعلیٰ لیڈران سے ملاقات کے بعد اپنا نام واپس لیا اور پریس کانفرنس منعقد کر کے اعلان کیا کہ وہ ضمنی انتخابات کے لیے اپنا پرچہ نامزدگی واپس لے کر کانگریس کے امیدوار رضوان ارشد کی حمایت کریں گے۔
عبد العزیز نے کہا کہ انہوں نے اس لیے اپنا پرچہ واپس لیا ہے تا کہ ووٹوں کی تقسیم نا ہو اس کے علاوہ انہوں نے دیگر آزاد امیدواروں سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی اپنے پرچے واپس لیں اور کانگریس کو کامیاب کریں۔
عبدالعزیز نے بتایا کہ کانگریس کے اعلیٰ رہنما سدارمیا اور دنیش گنڈو راؤ نے ان سے وعدہ کیا ہے کہ انہیں اس قربانی کے عوض کوئی بڑی ذمہ داری دی جائے گی۔
واضح رہے کہ عبدالعزیز نے بڑی دھوم دھام سے ریلی کی شکل میں آزاد امیدوار کے طور پر شیواجی نگر اسمبلی حلقہ سے پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا اور کانگریس کی آفس کی سیڑھیوں پر کھڑے ہوکر کہا تھا کہ کئی مرتبہ مطالبہ کرنے کےبعد بھی کانگریس نے مجھے کبھی اسمبلی انتخابات کے لیے ٹکٹ نہیں دیا۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ پارٹی حلقہ انتخاب سے باہر والوں کو ٹکٹ دے رہی ہے۔