بنگلور:وزیر اعلیٰ سدارامیا اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے انتہائی اہم معاملات پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے منگل کے روز سینئر پولیس افسران کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں ریاست میں امن و امان و دیگر کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کرناٹک میں نئی حکومت کی تشکیل کے بعد یہ پولیس افسران کے ساتھ کانگریس حکومت کی پہلی میٹنگ رہی۔کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے پولیس سے اشتعال انگیز سوشل میڈیا پوسٹس کے خلاف سخت کارروائی کرنے کو کہا ہے۔ انہوں نے پولیس افسران کو انتباہ کیا کہ اگر ریاست میں امن و امان کی صورتحال بگڑتی ہے تو متعلقہ پولیس اہلکار ذمہ دار ہوں گے۔
نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے جو میٹنگ میں بھی موجود تھے۔ اس دوران انہوں نے بی جے پی کے دور حکومت میں ہونے والے چند واقعات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ نئی حکومت محکمہ پولیس کو 'زعفرانیت' کی اجازت نہیں دے گی۔ سدارامیا نے کہا کہ لوگوں نے تبدیلی کی امید کے ساتھ ایک نئی حکومت کو منتخب کیا ہے۔ عہدیداروں کو ان کے مسائل کا جواب دینے کے لیے بہتر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے افسران کو سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز پوسٹس کے ذریعہ سماج میں ہم آہنگی کو بگاڑنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کی بھی ہدایت دی۔