بنگلور: کرناٹک کے بنگلور میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن اسمبلی مدل ویروپکشپا کے بیٹے کو 40 لاکھ روپے کی رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے۔ شریاس کشیپ کیمیکل نامی کمپنی کے ایک پارٹنر کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت کے مطابق، لوک آیکت میں مدل ویروپکشپا اور ان کے بیٹے پرشانت سمیت چھ لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ جس میں مدل ویروپکشپا، ایم ایل اے کا بیٹا پرشانت مدل، سریندر آفس اکاؤنٹنٹ، پرشانت مدل کا رشتہ دار سدھیش، پانچواں اور چھٹا ملزم کرناٹک اروماس کمپنی کے ملازمین البرٹ نکولا اور گنگادھر شامل ہیں۔ان تمام کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق، بی جے پی کے رکن اسمبلی ویروپکشپا فرار ہوگئے اور لوک آیکت پولیس ان کی تلاش کر رہی ہے۔ تاہم، اس سے پہلے، ویروپکشپا نے جمعہ کو کرناٹک سوپ اینڈ ڈٹرجنٹ لمیٹڈ (KSDL) کے چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کا استعفیٰ ان کے دوستوں نے وزیراعلیٰ آفس کو بھجوا دیا تھا۔ بی جے پی ایم ایل اے نے اپنے استعفی میں کہا کہ لوک آیکت کے چھاپے کا مجھ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ میرے خاندان کے خلاف سازش ہے۔ اخلاقی بنیادوں پر استعفیٰ دے رہا ہوں۔
اس معاملے پر سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا سمیت متعدد کانگریس لیڈروں مفرور بی جے پی رہنما کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ پولیس نے بنگلورو میں کرناٹک حکومت کے خلاف احتجاج کے دوران سدارامیا سمیت دیگر کانگریس رہنماؤں کو حراست میں لے لیا۔ کانگریس رہنما بی جے پی ایم ایل اے مادل ویروپکشا کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے تھے جن کا بیٹا رشوت لیتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔ بعد ازاں لوک آیکت کے چھاپے میں ان کے گھر سے 6 کروڑ روپے بھی برآمد کیے گئے تھے۔