سماجی کارکنان کا ریاست کو منشیات مکت بنانے کا مطالبہ بنگلورو: ریاست کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے حکام کو ہدایت دی ہے کہ ایک اسپیشل ٹیم تشکیل کریں، ڈرگ مافیا کی جڑوں کا پتہ لگائیں اور ان کے خلاف کارروائی کریں۔ اس سلسلے میں عام آدمی پارٹی کی اسپوکسپرسن ماریہ حسین نے کہا کہ ڈرگز کی وجہ سے نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے اور ڈرگ مافیا کی سرگرمی سیاستدانوں اور افسران کے ملوث ہوئے بغیر ممکن نہیں ہے۔
ماریہ حسین نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ زبانی جمع خرچ کرنے کے بجائے حکومت فوری ڈرگ مافیا کے خلاف کارروائی کرے۔ منشیات فروشوں کے خلاف آل انڈیا ملی کونسل نے بھی مہم کا اعلان کیا ہے۔ ملی کونسل کرناٹک کے لیڈران نے بتایا کہ ایک پریشر گروپ بنایا جائے گا اور متعلقہ حکام و افسران سے ملاقات کرکے ڈرگ مافیا کے خلاف کارروائی کروانے پر زور دیا جائے گا۔
ریاست میں منشیات کی لعنت کو مؤثر طریقے سے روکنے کے لیے حکام کو ہدایت دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا کہ نوجوانوں کو منشیات کے عادی بننے سے روکنے کے لیے ان میں بیداری پیدا کرنے کی مسلسل کوششیں جاری ہیں۔ اس کے ساتھ منشیات مافیا کی جڑوں کا بھی پتہ لگایا جانا چاہیے۔ وزیر اعلیٰ کے دفتر نے ایک ریلیز میں کہا کہ انہوں نے تجویز پیش کی کہ منشیات کی لعنت کو سخت اقدامات کے ذریعے روکا جانا چاہیے جس میں منشیات فروشوں کو ملک بدر کرنا بھی شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں:Road Safety Awareness شاہین کالج میں ٹریفک قوانین سے آگاہی پروگرام
یہ بتاتے ہوئے کہ پولیس کے لیے منشیات مافیا کے خلاف مقدمہ درج کرنا کافی نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ پولیس کی ذمہ داری بھی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ انہیں عدالتوں میں سزا دی جائے۔