کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور شہر گلستان کی متعدد مساجد سماجی و فلاحی کار خیر کے لیے مشہور ہیں جو کہیں مساجد میں انفارمیشن سینٹر کا قیام کرتی ہیں تو کہیں ڈائلیسس کے مریضوں کو طبی و مالی امداد فراہم کرتی ہیں۔
اسی طرح 'جامع مسجد ٹرسٹ بورڈ کمیٹی' جس نے کورونا وبا کے دوران غریب و مستحق خاندانوں میں راشن و دیگر امداد تقسیم کیں، اب اس وبا اور لاک ڈاؤن سے متاثر غریب خاندانوں کی لڑکیوں کی اجتماعی شادیاں کروانے کے لیے آگے آئی ہے۔
جامع مسجد ٹرسٹ بورڈ کی کمیٹی کا شہر کے متعدد مساجد کے ائمہ کرام و متولیان کے ساتھ ایک اجلاس منعقد ہوا اور اس موضوع کے متعلق نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے بورڈ کے سیکرٹری عثمان شریف نے بتایا کہ بورڈ کی جانب سے اجتماعی شادیوں کی پہل 151 غریب جوڑوں کے نکاح سے ہوگی۔