گلبرگہ : ریاست کرناٹک کے ضلع گلبرگہ میں انڈین یونین مسلم لیگ کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ یاد شہیدائے پولیس ایکشن میں 17 ستمبر کو ریاستی سطح پر منائے جانے والے جشن آزادی کلیان کرناٹک کو منسوخ کرنے کا پر زور مطالبہ کیا۔ انڈین یونین مسلم لیگ کے زیر اہتمام جلسہ سانحہ سقوط حیدرآباد و یاد شہدائے پولیس ایکشن منعقد ہوا جو بیحد کامیاب رہا جلسہ میں عام سامعین کے علاوہ ادبا و شعرا صحافیوں اور مختلف تنظیموں کے ذمہ داران اور سماجی جہدکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سینئر صحافی عزیز اللّٰہ سرمست نے کہا کہ ریاست حیدرآباد پر جارحانہ فوج کشی کی گئی اور تحقیقات سے صاف بچنے کیلئے ملٹری ایکشن کو پولیس ایکشن قرار دیا گیا۔
عزیز اللّٰہ سرمست نے مزید کہا کہ نظام اسٹیٹ کے سرحدی اضلاع ہی جارحانہ فوج کشی کی زد میں آئے علاقہ حیدرآباد کرناٹک جسے آج کلیان کرناٹک قرار دیا گیا ہے کے اضلاع گلبرگہ بیدر یادگیر اور رائچور مرہٹواڑہ کے اضلاع عثمان آباد بیڑ ناندیڑ لاتور نلدرگ میں مسلمانوں کا چن چن کر قتل کیا گیا۔ ان اضلاع میں کوئی گھر ایسا نہیں تھا جو محفوظ رہا۔