بیدر: نہرو یوتھ سنٹر، بھارت یوتھ ویلفیئر ایجوکیشن اینڈ رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے تعاون سے بھوما ریڈی کالج بیدر میں ’مضبوط ہندوستان کے لیے نوجوانوں کا کردار' کے موضوع پر ایک خصوصی لیکچر کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر شہر کے مشہور و معروف ڈاکٹر مہیش برادر ڈسٹرکٹ لیپروسی آفیسر بیدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اعتدال پسند کھانا، کم بات کرنا، کم غصہ دماغ اور دل دونوں کے لیے اچھا ہے، صحت مند رہنے کے لیے ایک عام آدمی کو صحت بخش غذا کا استعمال کرنا چاہیے۔ ہر روز ایک آدمی کو کم از کم 200 گرام پھلوں کا رس، کے علاوہ سبزیاں دودھ، انڈے وغیرہ اچھی صحت کے لئے نہایت ضروری ہے۔
ڈاکٹر مہیش برادر نے نوجوانوں کی صحت کےحوالے سے کہا کہ آج کا نوجوان مختلف برائیوں میں مبتلا ہے۔ شراب تمباکو سے بننے والی اشیاء اور دیگر نشہ وار چیزوں کے استعمال میں مبتلا ہیں، جس کے سبب کینسر جیسی خطرناک بیماری میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کل کی نوجوان اپنے والدین پر بوجھ بن گئے ہیں نوجوانوں کو جہاں والدین کی خدمت اور گھر کی ذمہ داری لینی چاہیے تھی وہی غلط کاموں کی وجہ سے معاشرے میں برائیوں کو بڑھاوا دے رہے ہیں۔
نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ اپنی صحت پر توجہ دیں معاشرے کی برائیوں کو ختم کرنے میں اہم رول ادا کریں شاردہ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ بیدر کے ڈائرکٹر پربھو نے خود روزگار پیدا کرنے میں نوجوانوں کے کردار کے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں صرف نمبر حاصل کرنا کافی نہیں ہے، اس کے ساتھ ساتھ فنی تعلیم بھی ضروری ہے۔ کسی بھی نوکری کے لیے خود روزگار، تعلیم اور ہنر مندی کی تربیت وقت کی اہم ضرورت بن گئی ہے ۔ انہوں نے فنی ورکشاپ سے فائدہ اٹھانے اور شہر میں باقاعدگی سے منعقد ہونے والی مختلف ہنر مندی کی تربیت میں حصہ لینے کی نوجوانوں سے اپیل کی ہے۔
برما کماری ایشوری یونیورسٹی راجہ یوگا سینٹر کی ٹیچر دیوی نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے جسمانی تندرستی جتنی ضروری ہے اتنا ہی ذہنی سکون بھی ضروری ہے۔ تن من اگر پاکیزہ بنایا جائے تو زندگی خوبصورت بن سکتی ہے۔اس سلسلے میں نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ باقاعدگی سے یوگا، مراقبہ، اور ورزش میں حصہ لیں۔ برما کماری مراکز میں راجہ یوگا کیمپس کا انعقاد عمل میں لایا گیا ہے، جس میں نوجوان حصہ لیتے ہوئے اپنی صحت اور دلی اور ذہنی سکون حاصل کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں:Sachar Commission To Kundu Commission سچر کمیشن کے ذریعہ مسلمانوں میں بیداری آئی ہے، ڈاکٹر ناصر حسین
بیدر سٹی کونسل کے ماحولیاتی انجینئر رویندر کامبلے نے ماحولیاتی تحفظ میں نوجوانوں کے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ماحول صاف ہوگا تو ہماری زندگیاں بھی صاف ستھری ہوں گی۔اس سلسلے میں نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ رضاکارانہ طور پر آگے آئیں تاکہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا بنائیں اور پڑوسیوں اور اپنے اطراف و اکناف میں ماحولیات کے بارے میں آگاہی پیدا کریں۔
سٹی کونسل کے میونسپل کمشنر راج شیکھر نے پروگرام کا افتتاح کیا اور بھوما کالج کے پرنسپل ڈاکٹر وٹھل نے اس اجلاس کی صدارت کی اور انڈیا یوتھ ویلفیئر ایجوکیشن اینڈ رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے صدر شیوکمار سوامی نے تعارفی کلمات ادا کیے۔ لکچرر رینوکا سوامی نے نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لئے دعا کی ۔ یوتھ ڈیولپمنٹ اور اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کی مشیر جے شری نے خیرمقدم کیا، اموقع پر لیکچرر بسواراج بیرادار ، طلباء، طالبات، موجود تھے