بیدر: ریاست کرناٹک کے ضلع بیدر میں شاہین کالج انتظامیہ کی جانب سے طلبا و طالبات کے لئے سحری اور افطار کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ کالج انتظامیہ کی اس پہل پر طلبا اور طالبات کے درمیان زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔ غیر مسلم طلبا بھی اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے ر ہیں۔ ایک غیر مسلم طالبہ نے بتایا کہ ہم لوگ شاہین کیمپس میں رہنے والی مسلم روزے دار لڑکیوں کے افطار کے لیے فروٹ باکس پیک کرتے ہیں۔ فروٹ باکس کو لڑکیوں کے درمیان تقسیم بھی کرتے ہیں۔ ہمیں افطار کے انتظامات میں حصہ لینے پر کافی خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ ہم یہ کام پہلی بار کر رہے ہیں۔ ہمیں یہ کام کرکے بہت اچھا لگ رہا ہے۔
طالبہ نے کہا کہ ملک میں ہندو مسلم میں نفرت ڈالنے کی بات کی جاتی ہے مگر یہاں کا منظر دیکھ کر ہمیں کافی خوشی ملتی ہے۔ تمام مذاہب کے لوگ ایک ساتھ مل کر سحری اور افطار کا اہتمام کرتے ہیں، اس سے بڑی اور خوشی کی بات اور کیا ہو سکتی ہے۔ یہ تو بھائی چارہ کی عمدہ مثال ہے۔