بنگلورو: کرناٹک ایگزامینیشن اتھارٹی نے 18 اور 19 نومبر کو ہونے والے اہلیتی امتحانات میں مسلم طالبات کو حجاب پہن کر امتحانی مراکز داخل ہونے مشروط اجازت دی ہے۔ مسلم طالبات پر حجاب پہننے کی کوئی پابندی نہیں ہے۔ مسلم طالبات اب حجاب پہن کر امتحان میں شرکت کر سکتی ہیں۔ کرناٹک ایگزامینیشن اتھارٹی نے مختلف کارپوریشنز اور بورڈز کے بھرتی امتحانات کے لیے ڈریس کوڈ سے متعلق رہنما خطوط جاری کیے ہیں۔
کرناٹک ایگزامنیشن اتھارٹی نے ایک الگ بیان جاری کیا ہے جس میں حجاب معاملے کی وضاحت کی ہے۔ 28 اور 29 اکتوبر کو ہونے والے مختلف کارپوریشنز اور بورڈز کے امتحان کے پہلے مرحلے کے لیے مشروط اجازت دی گئی۔ اب نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 18-19 نومبر کو ہونے والے امتحان کے دوسرے مرحلے میں بھی حجاب پہن کر امتحان لکھنے کی اجازت ہوگی۔ مسلم طالبات کو حجاب پہن کر امتحان میں لکھنے کی اجازت ہے۔ انہیں امتحان شروع ہونے سے دو گھنٹے قبل سنٹر میں موجود ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ہدایات کے مطابق خواتین عملہ حجاب پہن کر آنے والی طالبات کی مکمل جانچ کرے گا۔ امتحانی اتھارٹی نے یہ بھی واضح کردیا ہے کہ اگر وہ مقررہ وقت کے بعد پہنچتے ہیں تو انہیں حجاب پہن کر امتحانی مراکز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اتھارٹی نے مزید کہا ہے کہ خواتین امیدواروں کو منگل سوتر اور ٹو رِنگ پہننے کی اجازت ہے۔ حال ہی میں منعقدہ امتحانات میں خواتین امیدواروں کو منگل سوتر اور پیر کی انگوٹھیاں اتارنے کے لیے کہا گیا تو تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔