اس ریلی کی قیادت مری گوڈا صدر ضلع یادگیر کانگریس نے کی۔ یہ ریلی ضلع کانگریس دفتر سے نکل کر درگاہ حضرت یعقوب بخاری چوک، مسلم پورہ، ٹیپوسلطان چوک سے ہوتی ہوئی گاندھی چوک پہنچ کر احتجاجی اجلاس میں تبدیل ہوگئی۔
ہاتھرس سانحہ: یادگیر میں کانگریس کی احتجاجی ریلی
کرناٹک کے ضلع یادگیر میں ضلع کانگریس کمیٹی یادگیر کی جانب سے اترپردیش میں پیش آئے اجتماعی جنسی زیادتی واقعہ میں ملوث لوگوں کو گرفتار کر کے سزا دینے اور یوگی حکومت کو برخاست کرنے کا مطالبہ کو لے کر ضلع کانگریس دفتر سے گاندھی چوک تک ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
اس احتجاجی اجلاس میں لائق حسین بادل صدر یادگیر ضلع اقلیتی سیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ اترپردیش کی یوگی حکومت کو برخاست کرنا چاہیے۔ اجتماعی عصمت دری کے ملزمین کو سزا ملنی چاہیے اور متاثرہ کے اہل خانہ کو مناسب تحفظ اور امداد فراہم کرنا چاہیے۔ ساتھ ہی اس معاملے کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو استعفی دینا چاہیے۔
انہوں نے کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیو کمار پر سی بی آئی کی کارروائی کو مرکز کی سازش قرار دیا۔ اس موقع پر سینیئر کانگریس قائد چنا ریڈی پاٹل، سرینواس ریڈی، ضلع خواتین صدر منجولا، ریاستی یوتھ سکریٹری راگھویندر، سٹی یوتھ صدر انجینئر عرفان، کرناٹک ریاستی کانگریس کمیٹی کے سکریٹری بادشاہ میاں، لکشمن راتھوڑ، نے بھی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اتر پردیش حکومت کو برخاست کیا جائے اور ہاتھرس واقعے میں ملوث قاتلوں کو پھانسی کی سزا دی جائے۔