ریاست کرناٹک کے شہر گلبرگہ میں پٹرول، ڈیزل اور گیس کی اضافی قیمتوں کے خلاف ضلع کمشنر آفس کے سامنے مرکزی اور ریاستی حکومت کے خلاف عام آدمی پارٹی کے کارکنان نے احتجاج کیا۔
گلبرگہ: پٹرول، ڈیزل اور گیس کی اضافی قیمتوں کے خلاف عآپ کا احتجاج اس موقع پر عام آدمی پارٹی کے ضلع کنوینر جگدیش نے کہا کہ پیٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ مرکزی حکومت غریب مزدور عوام کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں عوام کورونا وائرس سے پر یشان ہیں، ایسے حالات میں مرکزی حکومت روز مرہ استعمال کی جانے والی اشیاء کی قیمتیں بڑھاتی جارہی ہے۔
جگدیش نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت نے عوام کے لئے اچھے دن لانے کا نعرہ بلند کیا تھا، مگر ملک بھر میں کسان، مزدور غریب عوام پریشان ہیں۔ مرکزی حکومت عوام کی مدد کے لئے اسکیم جاری کر نے کے بجائے عوام مخالف پالیسیز کو جاری کر رہی ہے۔ لہذا حکومت ملک بھر میں عوام کی ترقی کے لئے کام کرے۔
احتجاج کے دوران ریاستی و مرکزی حکومت سے پٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں کو کم کر نے کا مطالبہ کیا گیا۔