نئی دہلی: کانگریس نے یوکرین میں بھارتی طالب علم نوین کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اس کیلئے حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا اور کہاکہ اس نے بروقت ملک کے شہریوں کو نکالنے میں کوتاہی برتی۔
کانگریس کی ترجمان ڈاکٹرراگنی نائک نے منگل کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں خصوصی پریس کانفرنس میں کہاکہ نوین کی موت کے لئے ہندستانی حکومت ذمہ دار ہے۔ اس نے بروقت قدم اٹھایا ہوتا تو ملک کے ایک ہونہار طالب کو کھونا نہیں پڑتا۔ انہوں نے کچھ طلبا کو اغوا کئے جانے کی خبروں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بھی نوین کی موت پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کو یوکرین سے ہندستانی طلبا کو لانے کے لئے ٹھوس حکمت عملی بنانی چاہئے اور اس منصوبہ کی معلومات طلبا اور انکے کے اہل خانہ کے ساتھ شیئر بھی کرنی چاہئے۔