ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور میں افغانستان پر طالبان کے قبضے کے حوالے سے کانگریس کے قومی ترجمان برجیش کالپا نے بھارتی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ افغانستان مسئلے پر اب تک حکومت ہند کی جانب سے کوئی بیان نہ جاری کیے جانے اور خاموشی اختیار کرنے پر انہوں نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
اس سلسلے میں ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے قومی ترجمان برجیش کالپا نے کہا کہ بھارت سرکار کو چاہیے تھا کہ بروقت مداخلت کرتی اور افغانستان سے امریکی فوج کے انخلاء پر روک لگاتی۔
افغانستان و طالبان معاملہ پر بھارت سرکار اپنا موقوف واضح کرے برجیش کالپا نے کہا کہ افغانستان و طالبان کے پورے معاملے پر حکومت ہند کی خاموشی ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔ بھارتی حکومت کو افغانی لوگوں کے لیے قدم اٹھانے کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں:کرناٹک قانون ساز کونسل انتخابات کے لیے کانگریس کمر بستہ
واضح رہے کہ افغانستان سے امریکی اور اس کے اتحادی فوج کے انخلاء کے ساتھ ہی 15 اگست کو طالبان نے افغانستان پر مکمل طور پر قبضہ کرلیا ہے۔ اس قبضے کے بعد سے افغانستان کی صورتحال مسلسل کشیدہ ہوتی جارہی ہے۔ گزشتہ رات کابل ائیرپورٹ کے باہر ہوئے دو دھماکے میں 12 امریکی فوجی سمیت 72 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے، جبکہ تقریبا 140 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ کابل پرکنٹرول کے بعد سے شہر اور ائیرپورٹ کے باہرکی سکیورٹی طالبان کے پاس ہے۔ وہیں دولت اسلامیہ عراق و شام ( داعش) نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔